20 مئی ، 2013
نوشہرہ … نوشہرہ میں ملٹری پولیس کے مبینہ تشدد سے چوری کے الزام میں زیرحراست طالب علم جاں بحق ہوگیا، مقامی پولیس نے گیریژن ملٹری پولیس کے 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ رسالپور پولیس کے مطابق نثار شہید کالج رسالپور کے لیکچرار آفتاب کے گھر چوری ہوئی تھی، سراغ رساں کتے مقتول طالب علم حامد کے گھر داخل ہوئے تھے جس پر ملٹری پولیس حامدکو گرفتارکرکے لے گئی۔ رات 3 بجے اس کے والد کو اطلاع دی گئی کہ ان کے بیٹے کی لاش سی ایم ایچ میں پڑی ہے۔ پولیس نے مقتول حامد کے والد کی درخواست پر لیکچرار آفتا ب اور 2 ملٹری پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے خیبرمیڈیکل کالج پشاور بھجوادی گئی ہے۔ اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر طارق محمود کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جس کیلئے فوجی عدالت قائم کردی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔