21 مئی ، 2013
اوکلا ہوما… امریکی ریاست اوکلاہوما میں طوفان نے تباہی مچا دی، خوفناک بگولے سے ہلاکتوں کی تعداد91 ہوگئی جبکہ درجنوں زخمی ہیں ، کئی عمارتیں اور دو اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ریاست اوکلاہوما کے علاقے موری سے خوفناک طوفان ٹکراگیا جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں بدل گئیں۔ 200 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے سیکڑوں گاڑیوں کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا، بگولے کی چوڑائی تقریباً ایک میل تھی۔ حکام کے مطابق طوفان کے راستے میں دو اسکول بھی آئے جن کے ملبے سے کئی بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے اور 24 بچوں کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بہت سے بچے لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق ایک اور اسکول میں بھی تباہی ہوئی ہے لیکن ابھی وہاں ہونے والے جانی نقصان کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔طوفان سے گیس کی پائپ لائنیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔ ریسکیو اہلکار ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں اور نیشنل گارڈز کو بھی امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ابھی اس طرح کے مزید بگولے بن سکتے ہیں جن سے مزید تباہی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔