22 مئی ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے نگراں حکومت کے تقرر اور تبادلے کے احکامات معطل کر دیئے ہیں ، چیف جسٹس نے عدالتی حکم میں کہا ہے کہ نگران حکومت روز مرہ معاملات کیلئے تھی، تقرر اور تبادلوں کا اختیار نہیں۔کیس کی مزید سماعت4جون کو ہوگی ۔ نگران دور حکومت میں اہم عہدوں پرتقرریوں کو مسلم لیگ ن کے راہنما خواجہ آصف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی، چیئرمین نیپرا، ایم ڈی سوئی سدرن ، ایم ڈی سوئی ناردرن ، ایم ڈی پاکستان منرل ، چیئرمین نیشنل فرٹیلائزر، ایم ڈی اوجی ڈی سی ، چیئرمین اسٹیٹ لائف ، چیئرمین پی ٹی ڈی سی ، چیئرمین ساوفٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ، ڈی جی ایف آئی اے کی تقرری سمیت پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن میں تقرریوں اور تبادلوں کا اختیار نگراں حکومت کو نہیں۔ تقرریوں کو غیر آئینی اور غیر قانونی قراردیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں فیڈریشن آف پاکستان اور نگران وزیراعظم کو فریق بنایا گیا ہے۔