24 مئی ، 2013
اسلام آباد…ملک مختلف شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سورج پوری آب وتاب سے چمک رہا ہے۔لاہور ، ملتان ،ڈی جی خان اورجہلم میں درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا ہے جب کہ سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 44راولپنڈی اور اوکاڑہ میں درجہ حرارت 43ریکارڈ کیا گیا۔اس بار تو گرمی نے سالوں کی ریکارڈ توڑڈالے ،گرمی کی شدت ہے کہ بڑھتی ہی جارہی ہے۔کچھ شہروں میں تو سورج یوں آگ برسا رہا ہے کہ سالوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ گذشتہ روز فیصل آباد میں گرمی کا اٹھارہ سال اور نواب شاہ میں انیس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی ریکارڈ توڑ گرمی پڑے گی۔ گرمی سے بچنے کیلئے کسی کو درختوں کے سائے کی تلاش ہے تو کوئی کررہا ہے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال۔اور منچلوں نے تو جیسے نہروں کے ٹھنڈے پانی میں ہی اپنا ٹھکانہ ڈھونڈ لیا ہے۔اور ایسے میں بڑھتی لوڈشیڈنگ لوگوں کیلئے عذاب بن گئی ہے۔اب تو صورتحال یہ ہے کہ لوگ بجلی کے انتظار میں ہلکان ہو جاتے ہیں۔ بجلی جاتی ہے تو آنے کا نام نہیں لیتی اور آتی ہے تو بس ایک جھلک دکھا کر ہی چلی جاتی ہے۔کچھ شہروں میں تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 سے 22 گھنٹوں تک جا پہنچا ہے۔ لوگوں کو نہ دن میں چین ہے اور نہ رات میں سکون۔بس سب کو یہی انتظار ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا جن کسی طرح قابو میں آجائے۔