26 مئی ، 2013
لاہور…ملک میں بجلی کا بحران روز بروزشدت اختیار کرتا جارہا ہے، اورشارٹ فال سات ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ،لاہور سمیت پنجاب میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ 18 سے 22 گھنٹوں تک پہنچ چکی ہے۔این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 16 ہزار میگاواٹ ہے،لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ 21 ، 21 گھنٹوں کی انتہاوٴں پر ہے ،نیشنل پاور کنٹرول سینٹر بھی جبری لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں لا رہا ،لوڈشیڈنگ کے باعث شہرکے اکثر ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی بھی معطل ہے اور لوگ بوند بوند پانی کو ترس گئے،لیسکو کے سربراہ انجینئر محمد سلیم نے جیو نیوز کو بتایا کہ لیسکو میں بجلی کی طلب ریکارڈ سطح 4500 میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گئی،بجلی کی سپلائی1800میگاواٹ جبکہ شارٹ فال 2700 میگاواٹ تک چلا گیا ،لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ اگر نیشنل پاور کنٹرول سینٹر مداخلت نہ کرے تو جبری لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہے ،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اے سی کااستعمال کم سے کم کریں۔دوسری جانب پاور ہاوٴسز تیل اور گیس کی مطلوبہ مقدار سے بدستور محروم ہیں،این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق 11سے زائد پاور ہاوٴسز تیل اورگیس کی عدم فراہمی اور پانی کی وجہ سے بند ہیں۔