26 مئی ، 2013
کراچی…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کا کہنا ہے کہ مسلک اور فرقے کو ختم کرنے کے لئے امت کے تصور کو عام کرنا ہوگا۔ کراچی میں جامعہ حنفیہ سعودآباد ملیر میں تکمیل بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ منبر اور محراب بڑی قوت کے حامل ہیں ، معاشرے میں تبدیلی کے لئے علمائے کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، منور حسن نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں دو نظام تعلیم رائج ہیں ایک مدرسے کا اور دوسرا اسکولوں کا اور مدت سے یہ بات کہی جارہی ہے کہ ان دونوں نظاموں میں موجود فرق کو ختم کیا جائے۔ منور حسن نے مزید کہا دیو بند مدارس کی بڑی خدمات ہیں ،یہیں سے انگریزوں کے خلاف جنگ کے لئے لوگ نکلے اور ایسے علماء پیداہوئے جن پر پوری امت فخر کرتی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آج مدارس سے ویسے قیادت سامنے نہیں آرہی جیسی ماضی میں آئی تھی ۔ تقریب سے مولانا عبدالمالک، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، محمد حسین محنتی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔