28 مئی ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35خضدار تھری کے سرکاری نتیجے کا اعلان کردیا،سرکاری نتیجے کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو کامیاب قرار دیدیاگیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ پی بی 35خضدار تھری کا سرکاری نتیجہ روک لیاگیاتھا،،صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزیدنے جیو نیوز کو بتایا کہ پی بی 35سے سردار اختر مینگل کامیاب ہوگئے ہیں ،انہوں نے حلقہ سے 16ہزار824ووٹ حاصل کئے جبکہ آزاد امیدوار عطاء الرحمن مینگل نے7ہزار830ووٹ حاصل کئے،صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق اب تک بلوچستان اسمبلی کے 48انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان کیاجاچکا ہے، دو حلقوں پی بی 29اورپی بی 32پرانتخابات ابھی ہونا ہیں جبکہ حلقہ پی بی 40نوشکی کے نتائج کا اعلان نہیں کیاگیا پی بی 29 کی نشست ن لیگ کے کامیاب امیدوارعبدالغفور لہڑی کی سپریم کورٹ سے نااہلیت کے بعد خالی ہوگئی تھی جبکہ حلقہ پی بی 32پر انتخاب ایک امیدوار کی فائرنگ سے ہلاکت کے بعد ملتوی کردیاگیاتھا۔