29 مئی ، 2013
کراچی /پشاور…سندھ اور خیبر پختونخوا کی نو منتخب اسمبلیوں کے اجلاس آج ہونگے۔ نئے ارکان حلف اٹھائیں گے۔اقتدار کی منتقلی کا پہلا مرحلہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں آج سے شروع ہورہا ہے ۔ دونوں اسمبلیوں کے اجلاس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر نثار کھوڑو کریں گے جس میں نومنتخب ارکان سے حلف لیا جائے گا، اس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اور پھر وزیراعلیٰ کا مرحلہ ہے ، پیپلزپارٹی نے اسپیکر کے عہدے کیلیے سراج درانی جبکہ وزارت اعلیٰ کیلیے ایک بار پھر قائم علی شاہ کو نامزد کیا ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی آج ہوگا، اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے، تحریک انصاف کے 44ارکان سمیت مجموعی طور پر 73ارکان پہلی بار منتخب ہوئے ہیں ، اسپیکرکے عہدہ کے لئے اسد قیصراورڈپٹی اسپیکرکے لئے شاہ فرمان کے ناموں کااعلان کیا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ رات ڈپٹی اسپیکر کے لیے امتیاز شاہد کا نام سامنے آیاہے۔