29 مئی ، 2013
کراچی…نو منتخب سندھ اسمبلی کے پہلے ہی اجلاس میں بدنظمی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا اور گیلری میں بیٹھے مہمانوں نے نعرے لگا کر ایوان کا تقدس مجروح کردیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو گیلری میں بیٹھے کچھ افراد نے نعرے بازی شروع کردی،جب شور کچھ زیادہ ہی بڑھ گیا تو اسپیکر نثار کھوڑو نے اُنہیں چپ کرنے کی اپنی سی کوشش کی،لیکن نعرے بازی پھر بھی نہ رکی،اسپیکر صاحب کو غصہ آیا اور انھوں نے اب کی بار نعرے بازی کرنے والوں کو ڈانٹ دیا،لیکن نعرے بازی اس بار بھی نہ رکی۔ نثار کھوڑو نے شور کرنے والے افراد کو گیلری سے نکل جانے کو بھی کہا،نعرے بازی کے دوران ہی تلاوت قرآن پاک کا آغاز کیا گیا گیا۔نعرے بازی پھر بھی چلتی رہی۔جس پر نثار کھوڑو نے گھورنے پر ہی اکتفا کیا۔۔ اللہ اللہ کرکے یہ نعرے بازی رُکی جس کے بعداجلاس کی کارروائی شروع ہونا ممکن ہوسکا۔