31 مئی ، 2013
پشاور…پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے 16 ویں وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔اُن کا شمارصوبے کے سینئر پارلیمنٹرینزمیں ہوتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب وزیر اعلیٰ پرویزخان خٹک 1950کوضلع نوشہرہ کے علاقے مانکی شریف میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ایچی سن کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔1983 میں ڈسٹرکٹ کونسل کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست کا آغاز کیا۔1988 میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے اور صوبائی وزیر صنعت رہے ۔آفتاب احمد خان شیر پاوٴ نے جب پیپلز پارٹی کی قیادت سے اختلافات کے باعث پارٹی میں اپنا الگ گروپ بنا یا، تو پرویز خٹک بھی اس میں شامل ہوگئے۔ 1993 میں پیپلزپارٹی کی حکومت میں بھی وزیر رہے۔ 1997 میں وہ پیپلزپارٹی شیر پاوٴ کے ٹکٹ پر ایک بار پھر ایم پی اے منتخب ہوئے تاہم پارٹی قیادت سے اختلافات کے باعث وہ اسمبلی رُکنیت سے مستعفی ہوگئے اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔گیارہ مئی کے انتخابات میں پرویز خٹک پی کے 13 نوشہرہ اور این اے 5 سے کامیاب ہوئے۔پارٹی قیادت نے طویل مشاورت کے بعد انہیں خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا۔وہ قیام پاکستان کے بعد صوبے کے 16ویں وزیر اعلیٰ ہوں گے۔