31 مئی ، 2013
لاہور … لاہور میں ایل ڈی اے پلازہ آتشزدگی سے متاثر ہونے والی 3 بالائی منزلیں گرانے کیلئے ٹینڈرز جمع کرانے کی تاریخ میں 4 جون تک توسیع کردی، واقعے میں جاں بحق ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دینے کے حوالے سے سمری بھی نگراں وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی۔ لاہور میں اس ماہ ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کے ہولناک سانحے میں 28 ملازمین جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، سانحے میں ساتویں، آٹھویں اور نویں منزلوں کے ڈھانچے کو بری طرح نقصان پہنچا جنہیں گرانے کیلئے ایل ڈی اے نے ٹینڈرز جمع کرانے کیلئے 31 مئی کی تاریخ مقرر کی۔ کوالیفائیڈ ٹینڈرز نہ ملنے پر تاریخ میں 4 جون تک توسیع کردی گئی ۔دوسری جانب آتشزدگی سے جاں بحق ہونیوالوں کے بچوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے حوالے سے سمری نگراں وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی، سمری میں جاں بحق ملازمین کے بچوں کو تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمتیں دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔