05 جون ، 2013
اسلام آباد…میاں نوازشریف کی راہ میں مشرف رہانہ تیسری باروزیراعظم بننے پرپابندی، ن لیگ کے قائد13سال 8ماہ بعد وزارت عظمیٰ کا عہدہ آج سنبھالیں گے۔ جے یوآئی، ایم کیوایم اورشیرپاؤ انتخابات میں انہیں ووٹ دے گی جبکہ پیپلزپارٹی کے امین فہیم اورتحریک انصاف کے مخدوم جاویدہاشمی سے ان کامقابلہ ہے۔ نواز شریف تیسری بار پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے؟ فیصلہ قومی اسمبلی نے کرنا ہے جس کا اجلاس دن گیارہ بجے ہوگا۔ قائد ایوان کے لیے342رکنی ایوان میں 171 سے زائد ارکان کی حمایت درکار ہوگی اور ن لیگ کے صرف اپنے ارکان کی تعداد ہی اس سے زائد ہے۔ مسلیم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں مثبت جواب مل رہا ہے۔ وزارت عظمیٰ کے لئے نواز شریف کے مقابلے میں دو مخدوم میدان میں آگئے ہیں، مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی اور مخدوم جاوید ہاشمی تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔ مخدوم امین فہیم کہتے ہیں کہ امکانات پر بات نہیں کرتے پہلے الیکشن ہونے دیں، جبکہ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ ہم مقابلہ کریں۔ قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی میں تمام امیدواروں کے لیے الگ الگ لابیز بنائی جائیں گی جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا، اس کی لابی میں چلا جائے گاجس کے بعد ہر امیدوار کے حامی ارکان کی گنتی کی جائے گی اور اسپیکر نتائج کا اعلان کریں گے۔ قومی اسمبلی سے انتخاب کے بعد نئے قائد ایوان صدر مملکت سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے اور سربراہ حکومت کی حیثیت سے امور کی انجام دہی شروع کردیں گے جس کے ساتھ ہی ملک میں نئے دور حکومت کا آغاز ہوجائے گا۔