05 جون ، 2013
پشاور… خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 میں 21پولنگ اسٹیشنز میں آج دوبارہ الیکشن ہو رہا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز لسٹوں میں بے قاعدگیوں اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 کی 21 پولنگ اسٹیشنز پر 5جون کو دوبارہ الیکشن ہو رہا ہے، جس میں 63468ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ 11مئی کے عام انتخابات کے روز ووٹرز لسٹوں میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں اور ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی جس سے 63468وٹرز رائے دہی سے محروم رہ گئے تھے۔ ریٹرننگ آفیسر ناصر خان کے مطابق حلقہ این اے 46 میں کل 24 امیدوار میدان میں ہیں۔ 33پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار حمیداللہ جان آفریدی 1683ووٹ لیکر پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار ناصر خان 1640ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ری پولنگ کیلئے تحصیل جمرود میں سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشنز پر دس، دس لیویز اور دس،دس ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔ خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 46 میں مرد وخواتین کی کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 161727ہے تاہم امن وامان کی مخدوش صورتحال کے باعث 11مئی کے پولنگ میں پولنگ شرح چار فیصد سے بھی کم رہا۔