05 جون ، 2013
اسلام آباد… متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ کوئی ایک جماعت معاشی بدحالی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں کر سکتی، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر پاکستان کو مسائل سے نکالنا اور دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا‘کراچی میں جرائم مافیا کی سرگرمیاں عروج پر ہیں،آج بھی ایم کیو ایم کو 4 کارکنان کی لاشوں کا تحفہ دیا گیا‘دہشت گردی نئے پاکستان کو مستحکم کرنے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ وہ بدھ کو یہاں قومی اسمبلی میں خطاب کررہے تھے۔ فاروق ستار نے میاں نواز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کی توجہ کراچی کی صورتحال پر مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جرائم مافیا کی سرگرمیاں عروج پر ہیں، آج ایم کیو ایم کو چار کارکنان کی لاشوں کا تحفہ دیا گیا، ہمارے چاروں کارکنان کو بس سے اتار کر قتل کیا گیا۔ گزشتہ تین ماہ میں ہمارے سو کے قریب کارکنان کو قتل کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نئے پاکستان کو مستحکم کرنے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، فریال تالپور کراچی میں امن کے لئے وزیراعلیٰ سے بات کریں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی بات کی، ہم مثبت اور تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کے اچھے اقدام کی حمایت کریں گے اور غیر آئینی اقدامات کا راستہ روکیں گے۔