پاکستان
06 جون ، 2013

دنیا میں پنجاب کو رول ماڈل صوبہ بنائیں گے،شہباز شریف

دنیا میں پنجاب کو رول ماڈل صوبہ بنائیں گے،شہباز شریف

لاہور…پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کوملک اور صوبے کا سب سے بڑامسئلہ قراردیا،انہوں نے کہاکہ وہ اندھیرے ختم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کریں گے،2014ء میں پنجاب سے پٹواری کلچر کا خاتمہ کرکے کمپیوٹرائزڈسسٹم لایاجائے گا،اور ساڑھے12ایکڑ تک کے کسانوں کو سبسڈائیزڈشمسی ٹیوب ویل مہیاکریں گے۔محمدشہباز شریف نے تیسری بارپنجاب کاوزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کے اہداف کھل کربیان کئے،ارکانِ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا،اپوزیشن کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ،ان کاکہناتھاکہ الیکشن گزر چکا،اب مل کرصوبے کی خدمت کرناہے، خودچل کر اپوزیشن کے پاس جائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک اورصوبے کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ ہے، معیشت زبوں حالی کا شکار ، زراعت شدید متاثر، ملوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو چکا ہے۔ان کا کہناتھا کہ اس وقت 500ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ہے، 207ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے،نندی پور اور چیچوں کی ملیاں کے پلانٹ کراچی پورٹ پرزنگ آلود ہو چکے ہیں، ان منصوبوں کیلئے چین سے بات ہو رہی ہے،جلد مکمل کرکے700میگاواٹ بجلی جلد سسٹم میں لائیں گے،شہبازشریف نے پورے پنجاب میں آشیانہ ہاوٴسنگ اسکیم کا جال بچھانے کااعلان کیا۔ان کاکہناتھاکہ پوری دنیا میں پنجاب کو رول ماڈل صوبہ بنائیں گے۔

مزید خبریں :