08 جون ، 2013
ہری پور…ہری پور کے علاقے بیڑ میں گاڑی کھڑی کرنے کے تنازع پر 4 مسلح افراد نے ایک شخص کو تشدد کر کے شدید زخمی کردیا، بااثر ملزمان مقدمہ واپس لینے کے لئے دباوٴ ڈال رہے ہیں۔پولیس کے مطابق بیڑ کے مین بازار میں دکانوں کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے کے تنازع پر مسلح افراد نے نوجوان امجد علی کو گالیاں دیں اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے نوجوان کو کلاشنکوف کے بٹ مارے اور کپڑے پھاڑ دیئے۔ نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ہری پور میں داخل کرادیا گیا ہے۔ نوجوان کے سر پر 35 ٹانکے آئے ہیں۔ پولیس نے چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین کو گرفتار کرلیا ہے۔ بااثر ملزمان کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کے لئے دباوٴ ڈالا جارہا ہے۔