12 جون ، 2013
اسلام آباد … تنخواہوں میں اضافے کی آس لگائے سرکاری ملازمین کو بجٹ میں وفاقی وزیر خزانہ نے ٹھینگا دکھا دیا ۔ نومنتخب حکومت نے وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھائیں۔ اسلام آباد میں جب وفاقی وزیر خزانہ بجٹ تقریر پیش کر رہے تھے تو دوسری جانب وفاقی سرکاری ملازم اپنی تنخواہوں میں اضافے کی نوید سننے کیلئے بار بار اپنے کان صاف کر رہے تھے لیکن ایسا کچھ بھی نہ ہوا اور ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ دوسری جانب ریٹائرڈ ملازمین جو گزشتہ 5 سال سے اپنی پنشن میں سالانہ 20 فیصد اضافے کے عادی ہوچکے تھے نئی حکومت نے ان کی پنشن میں 20 کے بجائے صرف 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔