14 جون ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کاکہناہے کہ ایران سے گیس درآمد کے معاہدوں کی قدرکی جائیگی لیکن ان کاجائزہ بھی ضرورلیں گے،بھارت نے پاکستان کو ایل این جی فراہم کرنیکی پیشکش کی ہے۔ ان کاکہناہے کہ او جی ڈی سی ایل ، پی ایس او ، سوئی ناردرن اور سدرن سمیت وزارت پٹرولیم کی تمام کمپنیوں کے سربراہ تبدیل کردیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں جیونیوز سے گفتگو میں وفاقی وزیر پٹرولیم کاکہناتھاکہ وہ گیس کی قیمت سمیت ایران کیساتھ اس سلسلے میں کیے گئے معاہدوں کے خدوخال کاجائزہ لیں گے، انہوں نے بتایاکہ پاکستان کادورہ کرنیوالے گیس اتھارٹی آف انڈیاکے وفد نے واہگہ کے راستے ایل این جی دینے کی پیش کش کی ہے، اگر بات چیت طے ہو جاتی ہے تو اگلے ڈیڑھ سال میں پاکستان میں یومیہ 30سے 40کروڑ مکعب فٹ ایل این جی آسکتی ہے۔ شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ وزارت پٹرولیم کی تمام کمپنیوں کے سربراہ تبدیل کیے جائیں گے، نئے سربراہ بھرتی کرنے کیلئے اشتہاردیاجائیگا، ان کمپنیوں کے موجودہ سربراہ بھی درخواستیں دے سکیں گے۔ وزارت پٹرولیم کی کمپنیوں کے بورڈز کی بھی تشکیل نوکی جائیگی۔