15 جون ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے دوران خون ریزی کی صورت حال کو قابو کرنے کیلئے بلوچستان حکومت کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی فوری مدد دینے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ٹیلے فون کیا اور کوئٹہ میں خون ریزی اور کئی لوگوں کی ہلاکت اور زخمیوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ بلوچستان حکومت سے فوری رابطہ کریں اور انہیں اس افسوسناک صورتحال پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری مدد دیں۔وزیراعظم نے طالبات کی بس میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کی بس میں بم دھماکا بزدلانہ اور غیر انسانی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر ایسے ظالمانہ حملے ناقابل قبول ہیں،حکومت دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں سے پاکستانی عوام کو بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔