15 جون ، 2013
اسلام آباد…زیارت میں قائداعظم کی رہائش گاہ پر حملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم دے دیا گیا،وزیر داخلہ نے وفاقی دارلحکومت کی سیکیورٹی بڑھانے کی بھی ہدایت کردی۔وزارت داخلہ کے ایک اعلامیہ کے مطابق وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں زیارت میں قائداعظم کی رہائش گاہ پر حملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم دیا گیا۔وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ بلوچستان حکومت سے مل کر قائداعظم کی رہائش گاہ کی بحالی کا منصوبہ تیار کیا جائے،وزیر داخلہ نے یہ ہدایت بھی کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے قومی یادگاروں کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، چودھری نثار علی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وفاقی دارلحکومت کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیرداخلہ نے گاڑیوں کی اسکرین اورنمبر پلیٹ پر آر ڈی ایف چپ لگانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی، اس چپ کی مدد سے گاڑی کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے جڑواں شہروں کے پولیس افسران قریبی رابطہ رکھیں۔