18 جون ، 2013
کابل…افغان صدر حامد کرزئی نے طالبان سے مذاکرات کیلئے وفد قطر بھیجنے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب عرب ریاست میں طالبان کا دفتر بھی کھل گیا ہے۔ افغانستان میں آج ایک اہم تقریب میں نیٹو نے سیکیورٹی کی ذمے داریاں باضابطہ طور پر افغان فوج کو سونپ دیں۔اِس تقریب کے بعد افغان صدر حامد کرزئی نے ایک اور اہم اعلان کردیا ہے کہ امن کونسل کا وفد طالبان سے مذکرات کے لیے قطر جائے گا۔ انھوں نے یہ اہم اعلان ایسے وقت میں کیا ہے۔ جب نیٹو نے افغان فورسز کو ملک کی سیکوریٹی کی ذمہ داریاں منتقل کردی ہیں۔ اور غیر ملکی فوج کا انخلا بھی نزدیک ہے۔ دوسری جانب ایک عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے دوحا میں طالبان کا آفس آج کھولا جارہا ہے۔لیکن کابل میں طالبان ترجمان نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ اس سے پہلے افغان صدر حامد کرزئی قطر میں طالبان کا آفس کھلنے پر خدشات ظاہر کرچکے تھے ۔ تاہم غیر ملکی فوج کے انخلا کا وقت قریب آنے پر افغان صدر کے رویے میں لچک آئی ہے اور انھوں نے نہ صرف قطر میں طالبان کا آفس کھولنے کی تجویزکی حمایت کی بلکہ اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے امن مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔