19 جون ، 2013
مظفر آباد … وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں 30 سال کی تاخیر کی تحقیقات کا حکم دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ 24 جون کو خنجراب تا گوادر ریلوے اور سڑک منصوبہ شروع کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کی ٹیم چین جائے گی، یہ منصوبہ ایشیا میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے گھبرائے ہیں نہ گھبرائیں گے، بیروزگاری، غربت اور جہالت کے خاتمے سے دہشت گردی ختم ہوجائے گی، ہم دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کیلئے منظم کوششیں کررہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جلد قوم سے خطاب میں انرجی پالیسی کا اعلان کروں گا، نیلم جہلم منصوبہ پہلے ہی بہت تاخیر کا شکار ہوچکا ہے، نیلم جہلم پروجیکٹ کو 2015 تک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، نیلم جہلم منصوبے کی لاگت 7 گنا بڑھ کر 270 ارب روپے ہوچکی ہے، قوم کا بہت پیسا ضائع کیا گیا مگر ایک بھی منصوبہ مکمل نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران سنگین ہے جہاں سے بھی وسائل آئیں منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، پاکستان کے پاس پیسے نہیں، اخراجات کم اور کرپشن کا خاتمہ کرکے ذرائع آمدن بڑھائیں گے، پاکستان کو بدلنے کا فیصلہ کیا ہے، قوم ساتھ دے، عالمی سرمایہ کار پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، واضح پالیسی کے ساتھ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دوں گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں 30 سال کی تاخیر کی تحقیقات کی بھی ہدایت کردی۔ میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ خنجراب، گوادر ریلوے اور سڑک منصوبے سے متعلق بات چیت کیلئے وفد 24 جون کو چین جائے گا، یہ منصوبہ ایشیا میں گیم چینجر ثابت ہوگا، منصوبہ کامیاب ہوا تو پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کی لائنیں لگ جائیں گی۔