پاکستان
11 مارچ ، 2012

وزیراعظم کرپشن کرنے والوں کی حمایت کرتے ہیں، عمران خان

وزیراعظم کرپشن کرنے والوں کی حمایت کرتے ہیں، عمران خان

اسلام آباد … عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی کرپشن بے نقاب کرنے کی بجائے کرپشن کرنے والوں کی حمایت کرتے ہیں، 20ویں ترمیم میں ن لیگ اور پی پی نے مک مکا کرلیا، جس کا مقصد اپنی اپنی باری لینا ہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ یہ مک مکا نہ ہونے دیں، جلد پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کے سامنے پیش کریں گے جس کے تحت 40 لاکھ کارکن اپنی قیادت کا انتخاب خود کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کرپشن بے نقاب کرنے کی بجائے کرپشن کرنے والوں کی حمایت کرتے ہیں، وہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ایک شخص کے 500 کروڑ روپے بچانے کی کوششش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 آئینی ترمیم میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کرلیا ہے جس کا مقصد اپنی اپنی باری لینا ہے، چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہ مک مکا نہ ہونے دیں۔ سربراہ پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی ممبر شپ مہم شروع کی جارہی ہے جس کے لئے آئندہ 10 روز میں پاکستان تحریک انصاف کے منشور کو مکمل کرکے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خاندانی جماعت نہیں، پارٹی میں ہر سطح پر انتخابات کرائے جائیں گے اور 40 لاکھ کارکنان اپنی قیادت کا انتخاب کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ کوئی ایشو نہیں، کل وہ پارٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :