21 جون ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے کیماڑی میں گاڑی کے اندر سے ایک تاجر کی گولیاں لگی ہوئی لاش ملی،جبکہ لیاری، ابراھیم حیدری اور شیرشاہ کے علاقوں سے چار افراد کی لاشیں ملیں،گذشتہ روز بھی پرتشدد واقعات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے پولیس کے مطابق کیماڑی گیٹ نمبر 15 کے قریب کھڑی ہوئی گاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی،قتل ہونے والے شخص کی لاش گاڑی کی پچھلی نشست سے ملی،جہاں سے چلنے والی گولیوں کے خول بھی ملے ہیں،جبکہ گاڑی کے بیرونی حصہ پر گولی کا کوئی نشان موجود نہیں ہے،مقتول کی جیب سے ملنے والے ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ پر اسکا نام محمد الطاف درج ہے،گاڑی کو پولیس نے تھانہ جیکسن منتقل کیا،مقتول محمد الطاف امپورٹ ایکسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ تھا، دوسری جانب لیاری میں مرزا آدم خان روڈ سے ایک شخص کی بوری میں بند گولیاں لگی ہوئی لاش ملی،ادھر ابراھیم حیدری کے علاقے سے دو افراد کی لاشیں ملیں،جنھیں اغواء کرنے کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا،شیرشاہ کے علاقے سے بھی ایک شخص کی لاش ملی۔