21 جون ، 2013
پشاور …پشاور میں واقع مدرسہ عارف حسین الحسینی کی مسجد میں خودکش دھماکے میں 13جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 12 سالہ کمسن لڑکا اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق خودکش دھماکا خطبہ نماز کے دوران ہوا۔ مسجد کے خطیب کے مطابق حملہ آور نے پہلے مسجد کے گارڈ پر فائرنگ کی۔ جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور نے اندر داخل ہوکر نمازیوں کے صفوں میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پہنچ گئیں اورلیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ ایس پی رورل شفیع اللہ نے جیونیوز سے گفت گو میں بتایا کہ تین حملہ آور مدرسے میں آئے۔ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جبکہ تیسرے نے خود کو اڑا یا۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے زخمیوں اور لاشوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچادیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 13 جاں بحق افراد کی لاشیں اور 28 زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا ہے۔ جن میں چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔