21 جون ، 2013
اسلام آباد … امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی، امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ امریکا طالبان مذاکرات کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے ملاقات کی، ملاقات میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان آئندہ مذاکرات سمیت دیگر باہمی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مذاکرات اور مصالحت ہی خطے بالخصوص افغانستان میں امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ امریکا طالبان مذاکرات سے خطے میں امن اور استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ امریکی سفیر نے امریکا طالبان مذاکرات میں مثبت کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا افغانستان سے انخلاء کے بعد خطے میں استحکام کیلئے پاکستان سے مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ دوبارہ شروع کرنے کا یہی مناسب وقت ہے۔ امریکی سفیر نے امید ظاہر کی کہ توانائی، دفاع اور معیشت پر قائم ورکنگ گروپ کے اجلاس دوبارہ شروع جائیں گے اور اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کے آئندہ دورے سے ورکنگ گروپس کا میکانزم طے ہوجائے گا۔