21 جون ، 2013
لاہور…نئی نئی پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس چل رہا ہے ، تیسرا روز اسپیکر پر کافی بھاری رہا ، بحث کے دوران کبھی کسی حکومتی رکن کی اسپیکر سے نوک جھوک ہوئی تو کبھی حکومتی رکن کوزیادہ وقت دینے پراپوزیشن کی توپوں کا نشانہ بنتے رہے ۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس شروع ہوتے ہی حکومتی رکن شیخ علاوٴالدین اسپیکر سے الجھ پڑے ، ان کاکہناتھاکہ اسپیکر کی گاڑی اسمبلی کے اندرتک آتی ہے لیکن ارکان کو دورسے پیدل آنا پڑتا ہے ،اسپیکر نے وضاحت بھی کی مگرحکومتی رکن قائل نہ ہوئے،کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا ۔ پیپلزپارٹی کی فائزہ ملک کے مطالبے پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پرفاتحہ خوانی کی گئی ۔ حکومتی اقلیتی رکن طارق مسیح گل نے وقت ختم ہونے پر بھی تقریر ختم نہ کی تواپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا،اسپیکر اس موقع پر بے بس نظر آئے ، حکومتی رکن مولانا وحید گل اوراپوزیشن میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہو ا، اسپیکر نے مولانا وحید گل کو سختی سے ایوان سے نکالنے کا حکم دے دیا ۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی لیڈروں کو دس منٹ جبکہ ارکان کو پانچ منٹ دینے کی بات ہوئی تھی ،اس کی پابندی کی جائے۔ اجلاس ہفتے کی صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔