21 جون ، 2013
پشاور … کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ پشاور مدرسے میں حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ جیو نیوزکو نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا کہ ان کی تنظیم نے ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی کو قتل کیا اور یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم متحدہ پر حملے جاری رکھے گی۔ انہوں نے پشاور میں مدرسے پر حملے اور ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کے قتل کے الزا م میں زیر حراست شخص سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔