21 جون ، 2013
ا اسلام آباد…اسلام آبادمیں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کارکنوں کی ہلڑ بازی کی نذر ہو گئی۔ ناراض کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ اقتدار کو کرپشن کا دور قرار دیتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی اور شکوہ کیا کہ پارٹی نے انہیں لاوارث چھوڑدیا۔ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ میں پارٹی کے ناراض کارکنوں نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت سینئر رہ نماوٴں میاں رضا ربانی ، جہانگیر بدر، قمر زمان کائرہ، لطیف کھوسہ ، نوید قمر اور خورشید شاہ کو اپنے درمیان پایاتو دل کی بھڑاس خوب نکالی۔ناراض جیالوں کاکہناتھاکہ پارٹی پالیسی سے نالاں کارکن انتخابات میں ووٹرز کو قائل کرنے نہیں نکلے اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ اس موقع پر رضا ربانی نے پنجابی میں تقریر کر کے کارکنوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ آپس کے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر بھٹو اور شہید بی بی کے نام پر پوری پارٹی متحد ہے۔ اس موقع پر قرآن خوانی کا بھی اہتما م کیا گیا تھا، تقریب کے اختتام پرصمصام بخاری نے دعاکرائی۔