22 جون ، 2013
پشاور…پشاور میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہوگئی۔ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہیں، خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ جن کی نمازجنازہ ادا کرکے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ شہید سیکیورٹی اہلکار کے چچا کا کہنا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میرے بچے نے قربانی دی ہے۔فخریہ انداز اپنائے یہ سفید ریش شخص پشاور کے مدرسہ عارف حسینیہ کی مسجد میں سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار سید علمدار حسین شاہ کے چاچا ہیں۔ جو بھتیجے کی شہادت پر ماتم کی بجائے فخر کا اظہار کر رہے ہیں۔ علمدار حسین نے خودکش حملہ آور کو گیٹ پر ہی روکنے کی کوشش کی۔اور حملہ آوروں کا پہلا نشانہ بنے۔ آخری سانس تک لڑنے والے علمدار حسین فرض پر قربان ہوگئے اور جیتے جی حملہ آور کو مدرسہ میں داخل ہونے نہیں دیا۔ علمدارحسین کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کے پولیس لائیز میں ادا کی گئی۔شہید کی جسد خاکی تدفین کے لئے ان کے آبائی گاوں روانہ کردی گئی ہے۔