24 جون ، 2013
اسلام آباد… پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر کو جمہوریت پر شب خون مارنے والے تمام ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی جانب سے ایوان میں اٹھائے گئے نکات صحیح ہیں، جمہوریت پر کئی بار شب خون مارا گیا۔ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے جو بھی اقدام کئے جائیں گے ہم حمایت کرینگے۔ پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی بقاء کیلئے ہمیشہ میدان عمل میں سرگرم رہی اور اس کیلئے قربانیاں دیں ،ذوالفقار عل بھٹو کو پھانسی دی گئی، بینظیر بھٹو کوشہید کر دیا گیا، ہم آئندہ بھی اس حوالے سے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو آرٹیکل چھ کے حوالے سے پالیسی بیان دیا ہے تمام جماعتوں نے اس کی حمایت کی ہے یہ ایک اچھا اقدام ہے۔