24 جون ، 2013
لاہور…سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جنہوں نے آمروں کے اقدامات کی توثیق کی تھی۔ لاہورسے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ سید خورشید شاہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں جس میں انہوں نے آمروں کی تصاویر جمہوری اداروں سے ہٹانے کی بات کی ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اعلیٰ ترین منتخب ادارہ ہے جو اقتدار اعلیٰ کا سرچشمہ ہے،آئین ایک ادارے کو دوسرے ادارے کے دائرہ اختیار میں دخل اندازی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آمروں اور ان کے حمایتیوں نے پچھلے 60سالوں میں پہلے ہی ملک کی تباہی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب ملک کسی غیر آئینی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔