پاکستان
27 جون ، 2013

گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، وزیر اعظم

گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، وزیر اعظم

اسلام آباد…وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل استعمال کرنے اور تمام ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں پڑوسی ممالک سے گیس درآمد کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جائے۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں گیس کی قلت پر غور کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے اور تاپی گیس منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ بھارت پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گیس کی کل کھپت کا 28 فیصد گھریلو سطح پر استعمال ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو واضح ہدایات دیں کہ گیس کی تقسیم کے فارمولے میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے تاکہ ان کی روز مرہ کی زندگی متاثر نہ ہو۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو دور کرنے کے لئے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی، خاص طور پر موسم سرما کے دوران جب گیس کی طلب انتہائی بڑھ جاتی ہے۔ وزیراعظم نے عام آدمی کے مفادات کے تحفظ کے لئے گیس کے ٹیرف معقول بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پٹرولیم کے وزیر مملکت جام کمال خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم آفس اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں :