29 جون ، 2013
کراچی…پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل، سینیٹر محمد یوسف بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری اور دیگر رہنماوٴں نے کراچی پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا ہے کہ رینجرز نے لیاری میں ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز نے بین الاقوامی فٹ بالر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ علی نواز بلوچ کے بھانجے ثاقب بلوچ کو سر عام گاڑی سے اتار کر گولیوں سے چھلنی کردیا، واضح رہے کہ ثاقب بلوچ جو خود بھی بین الاقوامی باکسر رہے ہیں اور مختلف ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی ان کارروائیوں کے پیچھے لیاری دشمنی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی ان کارروائیوں کے خلاف اہلیان لیاری یکم جولائی بروز پیر ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالیں گے، جس کے شرکاء رینجرز ہیڈکوارٹرز کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔