02 جولائی ، 2013
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی …قراقرم تھنکر فورم امریکا کے صدر اور پاکستان مسلم لیگ ن ڈیلس کے کو آرڈی نیٹر سراج بٹ نے گلگت کے علاقے نانگا پر بت کے مقام پر معصوم اور بے گناہ غیر ملکی سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کو پوری عالمی برادری میں بد نام کرنے کی ایک گہری سازش ہے،خصوصاً ایسے وقت جب طالبان سے مذاکرات کی بات چیت چل رہی ہے اور پڑوس ملک بھارت کو اس ضمن میں امریکا سے تحفظات بھی ہوں ،انہوں نے کہا کہ اس دوران اس طرح کا واقعہ رونما ہونا خفیہ ہاتھوں کی نشان دہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی تاہم یہ ضروری ہے کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔سراج بٹ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل شیعہ اور سنی فسادات کی بھی کوششیں کی گئیں لیکن لوگوں میں شعور کی وجہ سے یہ سازشیں ناکام ہوئیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حقیقی دشمن کو پہچانا جائے اور اس کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا ماضی میں بد امنی کے واقعات میں بے گنا افراد کوپکڑ کر خانہ پوری کی گئی لیکن اس رویے اور روش کو نہ بدلا گیا تو گلگت بلتستان میں کبھی بھی امن قائم نہیں ہو سکے گا،امن کے قیان کیلئے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔