پاکستان
03 جولائی ، 2013

عوام الطاف حسین پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے ، عباد الرحمان

 عوام الطاف حسین پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے ، عباد الرحمان

واشنگٹن ڈی سی…ایم کیو ایم امریکہ کے سہ روزہ کنونشن کے دوسرے روز اٹلانٹا میں بڑے عوامی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں سے آئے ہوئے کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنونشن کا عوامی پروگرام الطاف حسین سے تجدید عہد وفا ء کی شکل اختیار کر گیا۔ کنونشن کے شرکاء نے قرارداد کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا کہ الطاف حسین کے خلاف ہونے والی تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کوناکام بنا دیا جائیگا اور پاکستان کے مظلوم و محروم عوام اپنے متفقہ قائد پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں پاکستانی اور انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ سے مطالبہ کیا گیا کہ قائد تحریک اور ایم کیو ایم پر بے بنیاد الزامات لگانے کا شرمناک سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ کنونشن کے شرکاء سے اپنے خطاب میں نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں کارکنان اور کروڑوں چاہنے والوں کو قائد تحریک الطاف حسین کے علاوہ کوئی قیادت قبول نہیں، الطاف حسین نے ہی ہمیں شناخت دی ، نظریہ دیا اور ہمارے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا اور اب یہ بات پاکستانی اسٹبلشمنٹ سمیت بین الاقوامی قوتوں کو بھی سمجھ لینی چاہئے کہ الطاف حسین کو ایم کیو ایم کی قیادت سے الگ کرنے کی تمام ترسازشیں ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوں گی۔سینٹرل آرگنائزرجنید فہمی نے کہا کہ الطاف حسین کو قائد اعظم کا پاکستان بچانے کی سزا دی جا رہی ہے الطاف حسین کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ غربت، جہالت، کرپشن، مذہبی انتہا پسندی اور جاگیردارانہ نظام سے پاک پاکستان چاہتے ہیں ۔ جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جو قائد اعظم کے وژن اور مشن کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر انٹرنیشنل ریلیشن ونگز کے وائس کوآرڈینیٹرمحمد یونس نے پاکستان اور خطے کی تیزی سے بدلتے ہوئے حالات پر روشی ڈالی اور کارکنا ن پر زور دیا کہ وہ حالات پر گہری نظر رکھیں۔سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ثاقب محی الدین اور حسیب خان نے کنونشن کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔پرگرام کی نظامت کے فرائض بشری عباسی، مدیحہ ندیم اور نازش زیدی نے انجام دئیے۔ کنونشن کے شرکاء الطاف حسین کا 90 پر ہونے والا خطاب رات گئے تک براہ راست سنتے رہے ۔

مزید خبریں :