04 جولائی ، 2013
بیجنگ … وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ چین کے زیر زمین میٹرو نظام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین سڑک اور ریل کے رابطے پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں۔ زیر زمین میٹرو ٹرین کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اتنی کمپنیوں کے سربراہان نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور تجارتی معاہدوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملاقاتوں کا مقصد پاک چین تعلقات کو مضبوط اور پاک چین روابط کو سڑک اور ریل کے ذریعے ملانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ چین کا یہ زیرزمین دنیا کا دوسرا بڑا نظام ہے جسے پوری دنیا تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔