12 مارچ ، 2012
لاہور … پنجاب اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے بحث کے دوران ارکان اسمبلی کے درمیان ایک دلچسپ مکالمہ ہوا، جس میں یونی فکیشن بلاک کے رکن شیخ علاء الدین نے مطالبہ کیا کہ ایوان شوہروں کی تنخواہ بیویوں کے اکاوٴنٹ میں جانے کا بل منظور کرے ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران خواتین کے حقوق کے حوالے سے بحث کے دوران صورتحال اس وقت دلچسپ ہو گئی جب مسلم لیگ ق یونی فکیشن بلاک کے رکن شیخ علاء الدین نے کہا کہ شوہروں کی تنخواہ بیویوں کے اکاوٴنٹ میں جانے کا بل منظور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انڈونیشیا میں ایسا بل منظور ہوا ہے اور اگر پیپلز پارٹی کی رکن عظمیٰ بخاری ایسا بل لائیں تو وہ اسے سپورٹ کریں گے۔ اس پر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پہلے اراکین اسمبلی اعلان کریں کہ ان کی تنخواہیں بیگمات کے اکاوٴنٹ میں جائیں گی۔ انہوں نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو دعوت دی کہ وہ اس سلسلہ میں بسم اللہ کریں اور اپنی تنخواہ بیگم کے اکاوٴنٹ میں جمع کرائیں ۔