04 جولائی ، 2013
واشنگٹن ڈی سی…اٹلانٹا میں منعقد ہونے والا ایم کیو ایم امریکہ کا سہ روزہ کنونشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ کنونشن کے تنظیمی سیشن میں ایم کیو ایم امریکہ کے چیپٹرز اور مختلف ونگز نے سالانہ کارکردگی پر مبنی رپورٹس پیش کیں جبکہ سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے اگلے چند ماہ میں ہونے والے مختلف نوعیت کے سیاسی ، سماجی اور ادبی پروگرامز کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیاگیا۔ دوسرے روز عوامی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران اور کارکنان سمیت پاکستانی کمیونیوں کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر قائد تحریک الطاف حسین سے تجدید عہد وفا ء کی۔ عوامی پروگرام سے نارتھ امریکہ کے نگران عباد الرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین ، ندیم صدیقی اور انٹرنیشنل ونگ کے وائس کو آرڈینیٹر محمد یونس نے خطاب کیا۔ کنونشن کے آخری روز امریکہ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے کارکنان سے عباد الرحمان، جنید فہمی اور محمد یونس نے خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے بھر پور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اپنے عمل اور کردار سے ثابت کردیں کہ قائد تحریک کے چاہنے والے کسی بھی بڑی سے بڑی طاقت کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔اس موقع پر لندن سے قائد تحریک الطاف حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں کنونشن کے شرکاء کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی اور کامیاب کنونشن کے انعقادپر اٹلانٹا چیپٹر کی کوششوں کو سراہا۔کنونشن کے آخری سیشن میں امریکہ کے چیپٹر انچارجز اور اٹلانٹا چیپٹر کے ذمہ داران اور کارکنان میں تعریفی اسناد تقسیم کیں گئیں ۔ سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے اگلا کنونشن واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اٹلانٹا کے چیپٹر انچارج حسیب خان اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ثاقب محی الدین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔