پاکستان
12 مارچ ، 2012

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے، رحمان ملک

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے 17 مارچ کو ہونے والے مشترکہ اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتربنانے کے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی، اسامہ کی فیملی کو وکیل کرنے کی اجازت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں 17 مارچ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ حکام کے مطابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے اجلاس میں مارگلہ ہلز پر اضافی چوکیاں اور نفری تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مشترکہ اجلاس کے موقع پر فضائی نگرانی کے ساتھ خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاہے کہ 16 اور 17 مارچ کو وفاقی دارالحکومت آنے والے شہریوں کو شناختی کارڈ اپنے پاس رکھیں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری کی تعیناتی اور پیٹرولنگ بڑھائی جائے گی، مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی اور چھاپے مارنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اجلاس کے بعد وزیر داخلہ رحمان ملک نے میڈیا کو بتایاکہ اسامہ کی فیملی کو وکیل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، اسامہ بن لادن کی فیملی چاہے تو سرکاری وکیل بھی فراہم کیا جاسکتا ہے، اسامہ کی فیملی کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہوگا۔

مزید خبریں :