پاکستان
06 جولائی ، 2013

لاہور کی فوڈ اسٹریٹ پر دھماکا، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 34 زخمی

لاہور کی فوڈ اسٹریٹ پر دھماکا، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق، 34 زخمی

لاہور … لاہور کے علاقے پرانی انارکلی فوڈ اسٹریٹ پر بم دھماکے میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے، کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد فوڈ اسٹریٹ پر فریزر کے ساتھ رکھا گیا۔ نمائندہ جیو نیو ز کے مطابق پرانی انار کلی فوڈ اسٹریٹ کے وسط میں ٹائم ڈیوائس کے ذریعے بم دھماکا کیا گیا جس میں 3افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا 5 سے6 کلو گرام وزنی ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جو ایک تھیلی میں رکھا گیا تھا۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ دھماکے میں آدھا کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، ڈی آئی جی چوہدری ذوالفقار کہتے ہیں کہ دھماکا خیز مواد فوڈ اسٹریٹ پر فریزر کے قریب رکھا گیا ، فریزر کا کمپریسر پھٹنے سے دوسرا دھماکا ہوا۔ نمائندہ جیو نیوز زاہد شیروانی کا کہنا ہے کہ میو اسپتال انتظامیہ کے مطابق فوڈ اسٹریٹ پر دھماکے میں خاتون سمیت 37 زخمی افراد کو میو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ ڈاکٹرز کو بھی بلالیا گیا ہے۔ دھماکے میں جاں بحق ایک 6 سالہ بچی سعدیہ کی شناخت ہوگئی جبکہ اس کے 2 بھائی زخمی بھی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت فوڈ اسٹریٹ پر کافی رش تھا، لوگ کھانا کھانے میں مصروف تھے، ویک اینڈ کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد انارکلی فوڈ اسٹریٹ پر موجود تھی۔ پولیس دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کررہی ہے۔

مزید خبریں :