07 جولائی ، 2013
گوانگ ژو،چین …وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین ان کی توقعات سے بھی زیادہ کامیاب رہا، کاشغر گوادر پروجیکٹ سے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہوگا ، انہو ں نے اعلان کیا کہ چینی منصوبوں گی نگرانی کیلئے وزیراعظم ہاوٴس میں خصوصی سیل بنایا جائے گا۔گوانگ ژو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہاکہ کاشغر گوادر پروجیکٹ خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا ، وہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں ، اس پروجیکٹ سے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہوگا۔چینی منصوبوں کی نگرانی کیلئے وزیراعظم ہاوٴس میں خصوصی سیل بنایا جائیگا ۔میاں نواز شریف نے کہاکہ دورہ چین میں کراچی لاہور موٹر وے کے معاہدے پر بھی دست خط ہوئے ہیں ، اس منصوبے کو بھی جلد سے جلد شروع کریں گے ، جبکہ کراچی اور لاہور میں میٹرو بس سروس بھی شروع کرنے پر بات ہوئی ہے ۔توانائی کے بحران پر زور دیتے ہو ئے نواز شریف نے کہاکہ چینی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایا کاری کریں گی ، انہوں نے کہا کہ وہ الزام تراشی میں نہیں پڑنا چاہتے لیکن اگر گذشتہ حکومت توانائی کے بحران پر کام کرتی تو آج لوڈشیڈنگ کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔وزیراعظم نے کہاکہ سانحہ دیامر سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے ، چینی رہنماوٴں کو اپنے شہریوں کی فکر ہے ، امن و امان کے قیام کے لیے تمام ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔