پاکستان
19 جنوری ، 2012

این آر او عمل درآمد کیس:وزیر اعظم گیلانی سپریم کورٹ میں پیش

این آر او عمل درآمد کیس:وزیر اعظم گیلانی سپریم کورٹ میں پیش

اسلام آباد این آر او عمل درآمد کیس میں وزیر اعظم گیلانی سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے۔ سپریم کورٹ کا سات رکنی لارجر بنچ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کی کارروائی کیلئے اظہار وجوہ کے نوٹس پرخود اپنی گاڑی چلا کر سپریم کورٹ پہنچے۔ مقدمے میں ان کے وکیل اعتزاز احسن بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس سے قبل وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنما جن میں
وزیر خارجہ حناربانی کھر، گورنر پنجاب لطیف کھوسہ، وزیر قانون مولا بخش چانڈیو، وزیر تجارت امین فہیم، وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، منظور وٹو، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، چوہدری شجاعت، قمر زمان کائرہ، وزیر داخلہ رحمن ملک، سینیٹر اسرار اللہ زہری، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ، گورنر خیبر پختونخواہ مسعود کوثر، راجہ پرویز اشرف ، صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر، نظر محمد گوندل، اور خورشید شاہ شامل ہیں، سپریم کورٹ پہنچے تھے جو اس وقت عدالت میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ انتظامیہ نے وزیر اعظم کے ساتھ آنے والوں کی فہرست بھی گذشتہ روز ہی وزیر اعظم سے طلب کر لی تھی۔ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سپریم کورٹ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں‘سماعت کے موقع پر صرف پاس رکھنے والے افراد کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی اور سخت ترین چیکنگ کی گئی جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔

مزید خبریں :