پاکستان
14 جولائی ، 2013

پاکستان کی طرف سری لنکا کا جھکاوٴ، بھارت تشویش کا شکار، بھارتی اخبار

 پاکستان کی طرف سری لنکا کا جھکاوٴ، بھارت تشویش کا شکار، بھارتی اخبار

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ نے دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ سول جوہری معاہدے کی سمت بڑھ رہا ہے، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات کے تعاون میں سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی اہم نکتہ رہا۔ اخبار کے مطابق سری لنکا کے پاکستان کی طرف جھکاوٴ سے بھارت کو تشویش لاحق ہو گئی، بھارت سمجھتا ہے کہ پاکستان کولمبو کو بہترین معاہدے کی پیش کرے گا۔خبار لکھتا ہے کہ بھارت کے ساتھ اسی طرح کے معاہدے پر سری لنکا اپنے پاوٴں گھسیٹ رہا ہے، اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کی دہلی کی خواہش کے باوجود سری لنکا بھارت کو مذاکرات کا شیڈول نہیں دے رہا۔ سری لنکا کا یہ اقدام بھارت کے رواں برس اقوام متحدہ میں اس کے خلاف ووٹ کے سلسلے میں سامنے آیا۔ بھارت نے سری لنکا کو ایک جامع جوہری معاہدے کی پیشکش کی تھی جس میں حفاظت اور پیشہ ور افراد کی تربیت سمیت سول نیوکلیئر تعاون کے تمام پہلووٴں کے ساتھ نمٹنے میں تعاون کرنا شامل ہے،جس پر مذاکرات کا ایک دور بھارت اور سری لنکا کے مابین گزشتہ سال اکتوبر میں ہو چکا تھا اور بھارت نے سری لنکا کو ڈرافٹ معاہدہ بھیجا بھی تھا۔اخبار کہتا ہے کہ اس وقت سے دہلی مزید بات چیت کے لئے سری لنکا سے مذاکرات کے لئے تاریخ کا انتظار کرتارہا۔اخبار نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ ایک ”جامع معاہدے“ کی پیشکش کے باوجود وہ ان کے موقف کو سننا چاہتے ہیں ۔سری لنکا حکام کی طرف سے جاری بیانات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ جوہری سودے پرگفت و شنید کا ارادہ رکھتے ہیں ۔رواں برس مارچ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں تامل معاملے پر سری لنکا کے خلاف ووٹ سے پریشان ہے۔ سری لنکا کے خلاف25ممالک نے ووٹ دیا جن میں ایشیا سے بھارت اور جنوبی کوریا تھے، پاکستان اور چین سمیت تیرہ ممالک نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا جب کہ 8 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا بھارت نے2012میں سری لنکا کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

مزید خبریں :