انٹرٹینمنٹ
13 مارچ ، 2012

22 مارچ کو ساکنان شہر قائد کے تحت عالمی مشاعرہ ہوگا،اظہر عباس ہاشمی

کراچی … فرقان احمد یوسفی…ممتاز دانشور اظہر عباس ہاشمی نے کہا ہے کہ عالمی مشاعرہ کراچی شہر کی شناخت بن گیا ہے، 22 برس قبل شروع ہونے والے عالمی مشاعرے کی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے اور اس سلسلے میں اس سال22 مارچ کو ساکنان شہر قائد کے تحت عالمی مشاعرہ کراچی میں منعقد ہوگا جس میں کراچی کے علاوہ ملک اور بیرون ملک سے آئے ہوئے شعراء کرام اپنا کلام سنائیں گے۔ وہ کراچی پریس کلب میں سابق وفاقی وزیر سید صفوان اللہ، افضال صدیقی اور پروفیسر کفیل احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہونے والے مشاعروں میں چار سو سے زائد ممتاز شعراء کرام شرکت کر چکے ہیں ان مشاعروں کے ذریعے شہر قائدمیں ادب کے حوالے سے ساکنان شہر قائد اپنی بساط بھر خدمات دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمیں اخبارات کا تعاون حاصل رہا ہے۔ مشاعروں میں سامعین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر گزشتہ چند سالوں سے ذیلی مشاعروں کا اہتمام بھی کیا جاتا رہا ہے اور اس مرتبہ بھی یکم اپریل تک ذیلی مشاعروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 22 مارچ کو ہونے والے عالمی مشاعرے میں بھارت سے وسیم بریلوی، راحت اندوری، پاپولر میرٹھی، منظر بھوپالی کے علاوہ کینیڈا سے حمایت علی شاعر، احمد سلمان فاروقی، امارات سے ظہورالحسن جاوید، امریکا سے مونا شہاب اور سعودی عرب سے عمر سالم العیدروس خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں سے افتخار عارف، کشور ناہید، سلمان گیلانی اور محسن چنگیزی بھی اپنے کلام سامعین کے گوش گزار کریں گے۔ کراچی سے جو شعراء کرام شرکت کریں گے ان میں ڈاکٹراسلم فرخی، رسا چغتائی، محمود شام، محسن اعظم ملیح آبادی، پروفیسر سحر انصاری، انور شعور، خیال آفاقی، نصیر ترابی، خالدہ عظمیٰ، رضی عظیم آبادی، شاہد حمید اور نزہت عباسی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساکنان شہر قائد میں کوئی عہدیدار نہیں بلکہ یہ ادارہ ڈیڑھ سو سے زائد افراد پر مشتمل ہے جو باہم مل کر شعر و ادب کی ترویج کے لئے کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر سید صفوان اللہ نے کہا کہ اس عالمی مشاعرے سے شہر میں ادبی فضا پیدا ہوگی جو شعروادب سے لگاؤ رکھنے والوں کے لئے یادگار رہے گی۔ انہوں نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو اس عالمی مشاعرے کے انعقاد میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :