17 جولائی ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف نیا قرض دے یا نہ دے، پاکستان میں معاشی اصلاحات کا عمل جاری رہے گا اور 24 کھرب 75 ارب روپے کا ٹیکس ہدف ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں آسٹریلیا کے سفیر پیٹر ہاورڈ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے بتایاکہ معیشت کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، ٹیکس آمدنی میں 25 فی صد اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ ملکی اور غیر قرضے معیشت کا 63 فیصد تک پہنچ چکے ہیں جبکہ قرضے اگر معیشت کا 60 فیصد سے زیادہ ہوجائیں تو یہ غیر قانونی ہیں۔ رواں مالی سال قرضوں کی شرح 2 فی صد کم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ملے یا نہ ملے حکومت معاشی اصلاحات جاری رکھے گی۔ آسٹریلیوی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ توانائی، کان کنی اور زراعت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔