14 مارچ ، 2012
جنیوا. .. .امریکا، یورپی یونین اور جاپان نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں چین کے خلاف مقدمہ دائرکردیاہے جس میں بیجنگ پرنایاب قدرتی معدنیات کی برآمد محدود کرنے کاا لزام لگایاگیاہے جنھیں جدید ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چین نے الزام مستردکردیا۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ 17نایاب دھاتوں کی 95 فیصد تجارت پر قابض چین نے ان کی برآمد پر پابندیاں عائد کردی ہیں جو عالمی تجارت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔بیجنگ حکومت نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔”ریئر ارتھ“ نامی یہ نایاب دھاتیں ہموار سطح والے ٹیلی ویڑن سیٹ، اسمارٹ فون، ہائبرڈ کار، جدید ہتھیاروں، ہوا سے بجلی بنانے والے ٹربائن اور چھوٹی موٹریں بنانے میں استعمال کی جاتی ہیں،چین کا کہنا ہے کہ وہ ڈبلیو ٹی او کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے یہ معدنیات برآمد کرتا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر بارک اوبامانے کہاہے کہ امریکی صنعتکاروں کو اس دھات کی ضرورت ہے،اگرچین مارکیٹ کوحسب معمول کام کرنے دے توانھیں کوئی اعتراض نہیں مگروہ مارکیٹ قوانین کی خلاف ورزیاں کررہاہے۔