25 جولائی ، 2013
اسلام آباد…صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل کی جائے گی۔ دہری شہریت،بنک ڈیفالٹر یا صادق اور امین نہ ہونے کے الزامات ثابت ہوگئے تو امیدوار نااہل ہوجائے گا۔ صدارتی انتخاب کے لیے ملک بھر سے 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن کی جانچ پڑتال چیف الیکشن کمشنر بطور ریٹرننگ افسر خود کریں گے،جانچ پڑتال کے موقع پر امیدوار کا خود پیش ہونا ضروری نہیں۔ الیکشن کمیشن نے صدارتی کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدواروں کے آرٹیکل 63،62 پر پورا اترنے کا حلف نامہ بھی لیا ہے۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ حتمی ہوگا۔امیدوار 27 جولائی کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ اسی روز شام 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 30 جولائی کو دن دس بجے سے 3 بجے تک پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔