29 جولائی ، 2013
سینٹ ونسٹنٹ … پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو 11رنز سے شکست دے کر ٹی 20سیریز 2-0 سے جیت لی۔ پاکستان کے 135 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 124 رنز بناسکی، عمر اکمل کو مین آف دی میچ اور ذوالفقار بابر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیاگیا ۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے مل کر فتح کی راہ ہموارکی، ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آیندہے، ٹیم میں شاہد آفریدی جیسے سینئرکھلاڑی کی موجودگی مثبت ہے۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلیے136 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کے احمد شہزاد نے 44 اور عمر اکمل نے 46 رنز اسکور کیے، ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم کے سہیل تنویر، سعید اجمل اور ذوالفقار بابر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قومی کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔