30 جولائی ، 2013
اسلام آباد… اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گوشت کی قیمت میں استحکام اور عید الاضحی کے تناظر میں زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد کردی جبکہ ایک ماہ کے لیے سونے کی درآمد پر بھی پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں گوشت کی قیمتوں میں استحکام اور عید الاضحی کے تناظر میں جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے۔ گوشت کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کی سمری پر غور موخر کردیا گیا۔ ای سی سی نے روپے کی قدر میں استحکام کے لیے سونے کی درآمد پر بھی ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران کو 30 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن بڑھانے کیلئے جائزہ رپورٹ تیار کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رپورٹ 6 ہفتوں میں تیار کی جائے گی۔